غیر منقوط نعت پاک- عارف گیاوی(حسین احمد قاسمی)
غیر منقوط نعت پاک نتیجہ ٔ فکر: عارف گیاوی (حسین احمد قاسمی، سابق امام جامع مسجد، ساکچی ، جمشیدپور) وفات: 26/فروری 2020 رہے سَر کو ہر دم ہوائے محمد ملے دردِ دل کو دوائے محمد دو عالم کی حرص وہوس سے الگ ہے ہے آسودہ ہر دم گدائے محمد ہے اسلام اللہ کی راہِ محکم اصولِ مکمل کو لائے محمد الٰہی! ملے کالی کملی کا ٹکڑا مرے کام آئے رِدائے محمد ہے درسِ محمد کہ اللہ ہے واحد سدا آرہی ہے صدائے محمد کلامِ الٰہی اور اسلام لائے عطائے الٰہی، عطائے محمد رہائی ملے ہم کو درد و الم سے مِرے کام آئے لِوائے محمد سرِ لوح وکرسی رَسائی ہوئی ہے رسولوں کے سردار آئے محمد سرور وسکوں دل کو حاصل ہوا ہے حرم سے ہے آئی ہوائے محمد ہمہ دم، ہر اِک لمحہ رحم وکرم ہے عدو کے ليے ہے دعائے محمد محمد کا اسوہ عمل ہو ہمارا الٰہی! عطا کر ادائے محمد ہر اِک لمحہ دل سے کرو وِرد، احمدؔ ! درودے محمد سلامِ محمد عارف گیاوی کا مجموعۂ کلام نعت محمدی: https://archive.org/details/naat-e-muhammadi-arif-gayawi